جماعت اسلامی کے سرابرہ سید منور حسن نے کہا کہ دنیا کی 60 فیصد فوجوں نے 12 بارہ سال میں اسامہ بن لادن کو پکڑا اور امریکیوں کو اب بھی ڈر ہے کہ اسامہ واپس نہ لوٹ آئے۔
جماعت اسلامی کے سربراہ نے کہا کہ اسامہ بن لادن جیسےلوگ مرتے نہیں اور وہ لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں۔
انھوں نے یہ بات پیر کو اسلام آباد میں افغانستان کے مسئلے پر منعقدہ دو روزہ سیمینار سے خطاب میں کہی۔
سید منور حسن کا کہنا تھا کہ دنیا کی
60 فیصد فوجیں 12 سال لگی رہیں اور پھر کہیں جا کر اسامہ بن لادن کو پکڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکیوں کا اب بھی افغانستان سے نکلنے کا ارادہ نظر نہیں آتا کیونکہ وہ خوفزدہ ہیں کہ کہیں اسامہ بن لادن دوبارہ زندہ نہ ہو جائے۔
’اس بارے میں ان کا یہ خوف اور ان کا یہ ڈر حقیقی بھی ہو سکتا ہے اور کچھ بعید نہیں کہ وہ شخص دوبارہ لوٹ آئے کیونکہ مسائل تو پھر وہیں کے وہیں ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میں کہنا تو یہ چاہ رہا تھا کہ افغانوں پر چھوڑ دیں اور واپس چلے جائیں لیکن امریکیوں کا واپس جانے کا ارادہ نظر نہیں آ رہا۔‘